ابراہام لنکن کا اپنے بیٹے کے استاد کے نام خط آج سے میرا بیٹا سکول شروع کر رہا ہے
ابراہام لنکن کا اپنے بیٹے کے استاد کے نام خط
آج سے میرا بیٹا سکول شروع کر رہا ہے۔کچھ عرصہ تک یہ اس کے لیے معمول سے ہٹ کر اور نیا کام رہے گا اور مجھے امید ہے کہ آپ اس کے ساتھ نرم مزاجی برتیں گے۔ یہ اس کے لیے ایک مہم کی طرح ہے جو اسے تمام براعظموں سے روشناس کروا دے گی۔یہ ایڈونچر اس کے لیے ہر طرح کی جنگ، المیے اور امن سے بڑھ کر ہے اور اسے پورا کرنے کی خاطر یقین اور ہمت کے ساتھ ساتھ محبت کی بھی ضرورت رہے گی۔

استاد محترم !
آپ اس کا ہاتھ تھام کر بڑے پیار سے اسے وہ سب بتایے گا جو اس کو سیکھنا ہے۔ اس کو یہ پڑھایے گا کہ ہر دشمن کے بدلے ایک دوست بھی ہوا کرتا ہے۔اسے یہ بھی جاننا ہے کہ سارے آدمی سچے اور امانتدار نہیں ہوتے لیکن اسے آپ یہ بھی بتایے کہ ہر مجرم کے عوض ایک ہیرو موجود رہتا ہے اور ہر ضمیر فروش سیاست دان کے سامنے ایک سچا لیڈر ضرور موجود ہوتا ہے۔
اسے سکھانا کہ محنت کر کے کمائے ہوئے دس سینٹ مفت کے ایک ڈالر سے زیادہ قیمتی ہیں، اور امتحان میں نقل کرنے سے فیل ہونا زیادہ باعزت ہے۔ اسے یہ بھی سکھایے گا کہ کھلے دل سے ہار کیسے قبول کرتے ہیں اور جیت کر اپنی خوشی کیسے مناتے ہیں ؟
اسے یہ سبق بھی پڑھایے کہ تند مزاج اور اکھڑ سے اکھڑ انسان کے ساتھ نرم دلی سے پیش آئے۔ اگر آپ کر سکیں تو اسے حسد سے دور رکھیے گا اور خاموش قہقے کا راز سکھایے گا۔اس یہ بتایے گا کہ غم میں کیسے مسکراتے ہیں ؛ اور یہ بھی کہ آنسوؤں میں کوئی شرم نہیں۔اسے یہ بھی بتایے گا کہ ہار میں بھی عظمت ہوسکتی ہے اور کامیابی میں شکست بھی ۔اسے سمجھا دیجیے کہ خوشامدی دوستوں سے کنارہ کش رہے ۔
آپ اسے کتابوں کے عجائبات ضرور بتایے مگر اسے اتنا وقت بھی ضرور دیں کہ وہ آسمان کے پرندوں،سورج تک اڑتی شہد کی مکھیوں اور سبز پہاڑی پر اگے پھولوں کے عظیم راز جان سکے۔اسے سکھایے گا کہ وہ اپنے خود کے خیالات پر یقین رکھے چاہے سب انہیں غلط قرار دیں۔
میرے بیٹے کو یہ قوت ارادی دیجیے کہ سارے لوگوں کی طرح ہجوم کے پیچھے نہ چلنے لگے۔اسے بتایے کہ ہر ایک کی بات سنے،لیکن اسے یہ شعور بھی عطا کیجیے گا کہ جو کچھ بھی اس نے سنا ہو اسے سچ کی چھلنی سے گزارے اور وہی لے جو اس سے گزر کر آئے۔
اسے یہ بات سکھایے کہ چاہے وہ اپنی صلاحیتوں اور ذہانت کا سب سے بڑھ کر معاوضہ لے لے ؛ مگر کبھی اپنے دل اور روح کی قیمت نہ لگائے۔اسے ڈٹ جانے کی ہمت دیجیے اور بہادری دکھانے والا صبر ۔اسے سکھایے کہ وہ خود پر غیر متزلزل یقین رکھے کیونکہ اس طرح ہی وہ انسانیت اور خدائے عظیم پر ہمیشہ بھروسہ قائم کر سکے گا۔
میں آپ سے یہی کہتا ہوں ،ٹیچر!! مزید آپ دیکھیے کہ آپ کیا اور بہتر کر سکتے ہیں۔یہ میرا بیٹا ہے اور بہت اچھا بچہ ہے۔
اردو ترجمہ : حنظلہ خلیق
(التماسِ دعا)
Comments
Post a Comment